مفتی اکرام المحسن فیضی کیلئے جید علمائے عراق کی تنظیم کا ایوارڈ


مفتی اکرام المحسن فیضی کیلئے جید علمائے عراق کی تنظیم کا ایوارڈ

ایوارڈتنظیم کی سپریم کونسل کے رکن شیخ محمد محروس المدرس الا عظمی دامت برکاتہم العالیہ نے دیا

جمعیۃ رابطۃ العلما فی العراق کو دنیائے اسلام میں انتہائی قدرو منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے

مفتی صاحب سرمایۂ اہلسنت ہیں،ان کاسرپرستی کرناانجمن کیلئے اعزاز ہے، سید مبشر قادری

کراچی +بغداد(انٹرنیشنل ڈیسک) عراق کی جیّد علمائے کرام کی تنظیم جمعیۃ رابطۃ العلماء فی العراق کی جانب سے انجمن ضیائے طیبہ کے سرپرستِ اعلیٰ نبیرۂ بیہقیِ وقت حضرت علامہ مفتی اکرام المحسن فیضی دامت برکاتہم العالیۃ کو ایک ایوارڈ اور کتب کا تحفہ دیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ جیّد عراقی علما کی تنظیم کی سپریم کونسل کے رکن محترم شیخ ڈاکٹر محمد محروس المدرس الاعظمی صاحب دامت برکاتہم العالیۃ نے سرپرستِ انجمن ضیائے طیبہ محترم جناب علامہ ابوالقاسم قادری ضیائی مدّ ظلہ العالی کی وساطت سے مفتی صاحب کو دیا جب کہ ایوارڈ کے ساتھ دو بیش بہا کتب ظہور الفضل والمنّۃ فی بعض المسائل المستحدثۃ فی نقل الا عضاء و علم الجنۃ اور مباحث فی الاقتصاد الاسلامی المعاصر بھی دی گئیں۔ اس حوالے سے چیئرمین انجمن ضیائے طیبہ سیّد مبشر قادری نے کہا ہے کہ  مفتی اکرام المحسن سرمایۂ اہلِ سنّت ہیں اور انجمن ضیائے طیبہ کے لئے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ مفتی صاحب اس کی  سرپرستی و رہنمائی فرماتے ہیں۔ جمعیۃ رابطۃ العلماء فی العراق جیّد علمائے کرام کی تنظیم ہے، جسے دنیائے اسلام میں انتہائی قدرو منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، ان کی طرف سے ایوارڈ کا دیا جانا بہت اہم بات ہے ہم انجمن کی جانب سے مفتی اکرام المحسن کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مفتی صاحب کے علم و فضل میں مزید برکت و اضافہ فرمائے۔

Ziae Taiba Monthly Magazine in Karachi