میڈیا خبر کے نام پر بے حیائی بند کریں


میڈیا خبر کے نام پر بے حیائی بند کرے،سیّد اللہ رکھا قادری

بے پردہ کھلے بال خبریں پڑھنے والی خواتین اسلامی ریاست کے لئے بد نما داغ ہیں

فحاشی و عریانیت سے بھری بے جاخبریں مسلمان نسل کو پھنسانے والااغیار کا سازشی جال ہیں

اب خبرنامہ بھی اس قابل نہیں رہا کہ خاندان کے ہمراہ دیکھا جاسکے، بانی ضیائے طیبہ

انجمن ضیائے طیبہ کا ہفتہ وار اجلاس،ملک میں بڑھتی ہوئی بے حیائی پر اراکین کا اظہارِ تشویش

کراچی(اسٹاف رپورٹر)میڈیااپنا قبلہ درست کرے اور خبروں کے نام پر بے حیائی بند کرے۔ انجمن ضیائے طیبہ ملک میں بڑھتی ہوئی بے حیائی کو روکنے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی، ان خیالات کا اظہار انجمن ضیائے طیبہ کے بانی حاجی سیّد اللہ رکھا قادری ضیائی  نے انجمن کے ہفتہ وار اجلاس میں اراکین سے گفتگو کے دوران کیا۔ انھوں نے  میڈیا کے غیر اخلاقی و غیر اسلامی پروپیگنڈے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ اسلامی ملک میں اسلام کے نام لیواؤں کے لیے زمین تنگ کی جارہی ہے۔ اب حال یہ ہوگیا ہے کہ ایک عام مسلمان خبریں بھی خاندان کے ہمراہ بیٹھ کر نہیں دیکھ سکتا۔ فحاشی اور عریانی سے بھری ہوئی خبریں دراصل اغیار کی گھناؤنی سازش ہیں، جن کے ذریعے مسلمان نسل کو بے راہ روی و بے حیائی کی طرف راغب کیا جارہا ہے۔ نیوز چینلز پر اینکرز پرسن کے نام پر بے حیائی کا اشتہار بنی ہوئی خواتین اسلامی ریاست کے بدنما داغ ہیں۔ خبریں پڑھنے کے لیے میک اپ زدہ بے پردہ خواتین کی کیا ضرورت ہے؟ اب وقت آ گیا ہے کہ بے لگام میڈیا کے منہ میں لگام ڈالی جائے۔اگر ہم نے آج اس گھناؤنی سازش کے خلاف صدائے حق بلند نہ کی تو شیطانی جال اسلامی معاشرے کومعاذ اللہ! جکڑ بند کردے گا۔

Ziae Taiba Monthly Magazine in Karachi