روزہ کی حالت میں کولگیٹ،منجن وغیرہ استعمال کرسکتے ہیں یا نہیں؟


سوال (۲)کیا روزہ کی حالت میں کولگیٹ،منجن یا کسی قسم کا ٹوتھ پیسٹ استعمال کرسکتے ہیں یا نہیں؟محمد صابر،FBایریا، کراچی۔

الجواب بعون الوھّاب اللھمّ ھدایۃ الحق والصواب

بحالت ِروزہ کولگیٹ ،منجن یا کسی قسم کا ٹوتھ پیسٹ استعمال کرنا نا جائز وحرام تو نہیں ہے جب کہ یقین ہو کہ اس کا کوئی جز حلق  سے نیچے  نہیں  جائے گا لیکن مکروہ ضرور ہے  کیونکہ ان  چیزوں کے ذرّات کاحلق سے نیچے اترنے کا قوی امکان ہوتاہے،ہاں اگر ان کے اجزاء حلق سے نیچے چلے گئے توضرور روزہ ٹوٹ جائے گا اور صرف قضا ء لازم ہو کفارہ لازم نہیں ہو گا ۔اور یہی حکم روزہ کی حالت میں ماؤتھ واش استعمال کرنے کا ہےاوربحالت ِ صوم دنداسا  بھی ممنوع ہے ہا ں مسواک کا استعمال جائز اور سنّت ہے

چنانچہ فتاوٰی عالمگیری میں ہے:’’وکرہ ذوق شیء،ومضغۃ بلاعذر‘‘ترجمہ بغیر عذر کے کسی شی کا چکھنا اور اس کا چبانا مکروہ ہے۔(فتاوٰی عالمگیری ،ج۱،ص۱۹۹،دار الفکربیروت)

 اورفتاویٰ رضویہ ہے:

مسواک مطلقاً جائز ہے اگر چہ بعد زوال،اور منجن ناجائز وحرام نہیں بلکہ اطمینان کافی ہو کہ اس کا کوئی جزو حلق میں نہ جائے گا، مگر بے ضرورتِ صحیحہ کراہت ضرور ہے۔ درمختار میں ہے: کرہ لہ ذوق شئی( روزہ دارکو شَے کا چکھنا مکروہ ہے)۔(فتاوٰی رضویہ :ج۱۰ص۵۵۱رضاء فاؤنڈیشن لاہور) اور مزید آپ لکھتے ہیں :مسواک کرنا سنّت ہے، ہروقت کرسکتا ہے، اگر چہ تیسرے پہر یا عصر کو چبانے سے لکڑی کے ریزے چھوٹیں یا مزہ محسوس ہوتو نہ چاہئے۔ فتاوٰی رضویہ :ج۱۰ص۵۱۱رضاء فاؤنڈیشن لاہور)

Ziae Taiba Monthly Magazine in Karachi