بچوں کا صفحہ


اچھا بچہ

تحریر:ابومریم کوثر

٭… پرندوں کے انڈے مختلف رنگ کے کیوں ہوتے ہیں؟

اﷲتعالیٰ نے پرندوں کے انڈوں کو ان کے دشمن جانوروں اور پرندوں سے محفوظ رکھنے کے لیے اُنھیں مختلف رنگ عطافرمائے ہیں۔مثلاً جو پرندے درختوں پر گھونسلے بناتے ہیں،ان کے انڈے سبزی مائل نیلے رنگ کے ہوتے ہیں اور اس کی وجہ ماحول (سبز پتے اور نیلا آسمان ) ہوتا ہے۔جو پرندے (سوائے مرغی) ایسی جگہوں اور گھونسلوں میں رہتے ہیں جن تک کوئی آسانی سے نہ پہنچ سکے ۔ان کے انڈوں کا رنگ سفید ہوتا ہے۔پہاڑوں کی چٹانوں میں بسیرا کرنے والے پرندوں کے انڈے گول اور نوکیلے ہوتے ہیں۔ پرندوں کی دنیا میں شتر مرغ وہ واحد پرندہ ہے جس کا انڈہ سب سے بڑا ہوتا ہے۔اس کے انڈے کا رنگ سفید اور وز ن تقریباً ایک کلو تک ہوتا ہے۔ یہ انڈہ سخت ہوتا ہے جس کی وجہ سے اسے اُبالنے کے لیے 45سے 50منٹ کا وقت درکار ہوتا ہے۔

٭ …تتلی کے پروں کا رنگ ہاتھ لگانے سے کیوں اُڑ جاتا ہے؟

آپ نے مچھلی کے جسم پر موجود ’’سفنے‘‘(Scales )  تو ضرور دیکھے ہوں گے۔جب مچھلی والا مچھلی کو صاف کرکے اس کا گوشت بناتا ہے توپہلے ایک تیز دارچھری سے مچھلی کے جسم کو اُوپر سے چھیلتا ہے۔اس کے نتیجے میں چھوٹے چھوٹے متعدد سفنے مچھلی کی کھال سے اُتر جاتے ہیں۔تتلی کے پروں پر باریک سفوف جیسا مادّہ ہوتا ہے جو ہاتھ لگاتے ہی جھڑنے لگتاہے۔ یہ دراصل تتلی کے سفنے ہوتے ہیں۔یہ اس قدر نازک ہوتے ہیں کہ ہمارے چُھوتے ہی پروں سے علیحدہ ہو جاتے ہیں،یہ سفنے عموماً مختلف رنگوں اور خوبصورت ڈیزائنوں کی صورت میں تتلیوں کے پروں پر پائے جاتے ہیں۔ لیے

٭…زمین پر آگ جلائیں تو زمین کا وہ حصّہ عارضی طور پر زرد(پیلا) کیوں ہوجاتا ہے؟

ایسا آگ کی وجہ سے ہوتا ہے۔آگ کہیں یا کسی چیز کی بھی ہو اُس کی تپش(حرارت یا گرمی)سے زمین کا متاثرہ حصّہ کبھی زرد، کبھی گلابی اورکبھی کسی اور رنگ کا ہو جاتا ہے،بالکل اسی طرح جیسے مٹی کا گھڑا آگ میں پکائے جانے کے بعد سُرخ ہوجاتا ہے یعنی آگ کی تپش سے مٹی کی رنگت تبدیل ہوجاتی ہے۔

Ziae Taiba Monthly Magazine in Karachi