سوال: ایک عورت حاملہ ہے، 8 واں مہینہ چل رہا ہے، بلڈ پریشر بڑھ رہا ہے، عاملینِ کرام کوئی عمل یا نسخہ عنایت فرمائیں۔ محمد سلیم اشرف شیونہ(انڈیا) جواب: دورانِ حمل کچھ احتیاطیں ضرورت کی حامل رہتی ہیں کہ ان ایام میں خبیث قوتیں حاملہ خواتین پر اثرات ظاہر کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ بچے کا مخبوط الحواس پیدا ہونا یا کسی عیب کے ساتھ ظاہر ہونا۔ اس پر سائنس اپنی تحقیق پیش کرتی ہے۔ رحمِ مادر کے نقائص یا بسا اوقات خون کی بے حد کمی کا لاحق ہونا وغیرہ وغیرہ۔ تاہم روحانی علوم کی روشنی میں اس تھیوری کو کوئی اہمیت حاصل نہیں۔ جادو سحر کے پیش نظر، جہاں کئی ردّو بدل اور ناقابلِ یقین احوال و واقعات رونما ہوتے ہیں؛ وہیں خفیہ قوتیں بھی براہِ راست ان کارروائیوں کو سرانجام دینے کا آلۂ کار ہیں۔ اس خلاصے کے بعد ان خاتون کے بلڈ پریشر بڑھنے کے تعلق سے نقشِ سورۂ رحمٰن/ تین تین مرتبہ اور شش آیاتِ شفا/ سات سات مرتبہ صبح و شام پڑھ کر خاتون پر دم کریں۔ اور چاہیں تو از خود یہ خاتون، نیزدیگر خواتین بھی، پڑھ سکتی ہیں اور مٹی کے پیالے میں پانی پر دم کرکے پانی پیا جائے۔ بعدِ شش آیاتِ شفا، چینی کی پلیٹ یا کسی کاغذ پر زعفران سے لکھ کر پانی کی بوتل میں ڈال کر سات یوم وہ پانی خاتون کو پلائیں۔ نیز نقشِ سورۂرحمٰن اور نقشِ الحمد شریف ایک ہی کاغذ پر کسی سنّی عامل سے بنواکر خاتون گلے میں پہنیں۔ صدقات کا اہتمام کریں، نماز، کثرتِ درود و استغفار کی پابندی فرمائیں۔ سوال: بعد سلامِ مسنون عرض یہ ہے کہ ایک خاتون کو لڑکی کی تمنّا ہے، عاملین حضرات کوئی وظیفہ عنایت فرمائیں۔(سائل :سیّد وسیم علی،انڈیا) جواب:سورۂ نوح کی آیت نمبر ۱۲: وَّ یُمْدِدْکُمْ بِاَمْوَالٍ وَّ بَنِیۡنَ وَ یَجْعَلۡ لَّکُمْ جَنّٰتٍ وَّ یَجْعَلۡ لَّکُمْ اَنْہٰرًا﴿ؕ۱۲﴾ روزانہ ۱۱۱ مرتبہ اس آیت کی قرآنِ کریم سے دیکھ کر تلاوت کرتے رہیں، اِنْ شَآءَاللہ لڑکا ہوگا، مگر اِس عمل کو حمل ٹھہرتے ہی کیا جاتا ہے، آپ نے کافی دیر کردی، مگر ربِّ کریم سے اُمّیدِ کاملہ کے ساتھ آیت پڑھتے رہیں۔ اور پھر لڑکی کی خواہش رکھنے والے کہ میرے ہاں لڑکی پیداہو تو وہ خاتون پانچ ماہ تک سورہ رعد کی آیت نمبر۸: اَللہُ یَعْلَمُ مَا تَحْمِلُ کُلُّ اُنۡثٰی وَمَا تَغِیۡضُ الۡاَرْحَامُ وَمَا تَزْدَادُؕ وَکُلُّ شَیۡءٍ عِنۡدَہٗ بِمِقْدَارٍ﴿۸﴾ روزانہ ۲۱ مرتبہ پڑھ کر اپنے پر دم کرلیا کرے، اِنْ شَآءَاللہ لڑکی کی خواہش پوری ہوگی۔ مگر ان دونوں صورتوں میں حفاظتِ حمل کا نقش ضرور پہنا جانا چاہیے۔ آیت کُلُّ نَفْسٍ لَمَّا عَلَیْھَا حَافِظ پھر اس آیت کے آگے وصلی اللہ تعالٰی علٰی خیر خلقہ سیدنا محمد وآلہ واصحابہ اجمعین برحمتک یاارحم الرحمینلکھ کر اس تعویز کو معطر کرکے بچے کی ولادت تک عورت کی کمر پر باندھے۔ اور پھر ہر شخص یہی چاہے گا کہ اُس کا بچہ خیر و عافیت سے پیدا ہو آپریشن وغیرہ کی نوبت نہ آئے تو اسے چاہیے کہ حمل کے آٹھویں یا نویں ماہ سے سورۂ انشقاق کی ابتدائی پانچ آیات: اِذَا السَّمَآءُ انۡشَقَّتْۙ﴿۱﴾ وَ اَذِنَتْ لِرَبِّہَا وَ حُقَّتْ ۙ﴿۲﴾وَ اِذَا الْاَرْضُ مُدَّتْ ﴿ۙ۳﴾ وَ اَلْقَتْ مَا فِیۡہَا وَ تَخَلَّتْ ۙ﴿۴﴾ وَ اَذِنَتْ لِرَبِّہَا وَ حُقَّتْ ؕ﴿۵﴾ اتوار، پیر اور جمعرات کو ایک چھوٹے سے گڑھ کے ٹکڑے پر پانچ مرتبہ پڑھ کر عورت کو کھلادیا کریں، آیات کے شروع میں ہر بار بسم اللہ مکمّل پڑھیں پھر آیات کے آگے: لَاۤ اِلٰہَ اِلَّاۤ اَنۡتَ سُبْحٰنَکَ ٭ۖ اِنِّیۡ کُنۡتُ مِنَ الظَّالِمِیۡنَ پڑھیں۔ ✏ روحانی اسکالر: محمد عدنان سعیدی رضوی