نویں اور دسویں محرم کےاعمال


السلام علیکم !کیا فرماتے علماء دین متین اس بارے میں کہ نویں اور دسویں محرم میں مسلمانوں کو کیا کرنا چاہیے ؟

سائل محمد وقاص ،مسقط،عمان ۔

الجواب بعون الوهّاب اللھمّ ھدایۃ الحق والصواب

مسلمانو ں کو چاہیے کہ نویں اور دسویں محرم کوروزہ رکھیں کہ سنّت ہے اور سال بھر کے روزوں کا ثواب ملتا ہے اور ایک سال کے گناہ معاف ہو جاتے ہیں اورزیادہ سے زیادہ صدقات و خیرات کریں اور قرآن مجید کی تلاوت اور دیگر ذکر و اذکار کی کثرت سےکریں ۔پھر ان تمام نیکیوں کا ثواب شہداء کربلا خصوصا امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنھم کی روح مبارکہ کو ایصال کریں ۔

چنانچہ فتاویٰ فقیہ ملت میں ہے:" نویں اور دسویں محرم کو مسلمان زیادہ سے زیادہ صدقات و خیرات کریں۔ روزہ رکھیں کہ سال بھر کے روزوں کا ثواب ملتا ہے اور ایک سال کے گناہ معاف ہو جاتے ہیں۔ پھر روزوں وغیرہ تمام نیکیوں کا ثواب حضرت امام حسین، شہید کر بلا و دیگر شہدائے کرام رضی اللہ تعالیٰ عنھم کی نذر کریں ۔ گرمیوں میں ان کے نام پر شربت پلائیں۔ سردی میں چائے پلائیں۔ کچھڑا پلاؤ وغیرہ جو ہو سکے پکا کر برادری میں بانٹیں۔ محتاجوں اور اپنے گھر والوں کو کھلائیں کہ اچھی نیت سے یہ ثواب کے کام ہیں۔ ایسا ہی فتاویٰ رضویہ جلد۲۴،صفحہ ۴۹۲پر ہے"۔ واللہ تعالیٰ ورسولہ اعلم بالصواب۔

[فقیہ ملت، جلد اول، صفحہ۵۸، شبیر برادر لاہور]

واللہ تعالیٰ اعلم رسولہ اعلم


Ziae Taiba Monthly Magazine in Karachi