بائیکاٹ ضرور کیجیے مگر


رات بجلی گئی ہوئی تھی مچھروں کی یلغار نے مجھے جنریٹر چلانے کے لیے مجبور کر دیا بادل نخواستہ اٹھا معلوم ہوا کافی دن ہو گئے ہیں oil تبدیل نہیں ہوا " کے الیکٹرک "کو بد دعائیں دینے کے بعد اپنے چھوٹے بیٹے سے کہا :چلو بھئی oil تبدیل کرتے ہیں۔

جنریٹر جن لوگوں کے پاس ہے وہ جانتے ہیں oil تبدیل کرنے کے لیے سب سے پہلے پرانے oil کو نکالتے ہیں پھر نیا oil ڈالا جاتا ہے ہم نے سب سے پہلے جنریٹر کے oil ٹینک کا بولٹ کھول کر سارا پرانا oil نکالا ۔

بجلی تو تھی نہیں برقی چراغ یعنی ٹارچ کی رو شنی میں oil تبدیل کررہے تھے

بیٹے سے کہا :تم یہ ٹارچ پکڑو میں اب oil ڈالتا ہوں ۔۔۔ بیٹے نے ٹارچ پکڑ لی میںoil ڈالتا رہا oil کی پوری بوتل خالی ہو گئی مگر آئل ٹینک نہیں بھرا ۔

بیٹے سے ٹارچ لے کر دیکھا تو سمجھ آیا،آئل ٹینک کا بولٹ واپس لگانا ہم بھول گئے تھے سارا آئل ضائع ہو گیا اور پریشانی الگ ہوئی ۔

ہمارا اکثر معاملے میں یہ ہی حال ہے ۔۔۔

ہم امر بالمعروف کی بات کرتے ہیں مگر نہی عن المنکر پر توجہ نہیں ہوتی۔۔۔ نتیجہ ہم محنت کرتے رہتے ہیں وہ رائیگاں جاتی رہتی ہے ۔۔۔

ہم اشداء علی الکفار پر تو عمل پیرا ہیں مگر رحماء بینھم سے یکسر غافل۔۔۔نتیجہ یہ کہ لوگ ہماری وجہ سے دین سے دور ہو جاتے ہیں اورر ہماری ساری کوشش برباد ہو جاتی ہے ۔

ہم اچھی حکومت کا آئل ڈالتے رہتے ہیں مگر کبھی جرائم پر انصاف و قانون کے بولٹ ٹائیٹ نہیں کرتے ۔۔۔نتیجہ ساری کوششیں اور امیدیں ہمارے اپنے ہاتھوں ضائع ہو جاتی ہیں ۔۔۔۔

ہم اکثر مختلف معاملات میں بیدار ہوتے ہیں چاہے وہ مسلمانوں کے قتل عام کا معاملہ ہو یا ناموس رسالت ﷺ کا ہم مختلف کمپنیوں کا بائیکاٹ کرتے ہیں ضرور کیجیے مگر کیا یہ سوچنے کی بات نہیں کہ ہم اس معیار کی اشیاء خود کیوں نہیں بناتے ؟

ہماری پروڈکٹ کا معیار کچھ عرصے بعد گر کیوں جا تا ہے ؟۔۔۔

کچھ دنوں کا بائیکاٹ نہیں جناب۔۔۔ ہمیشہ کے لیے ان کمپنیوں کو اپنے ملک سے اور ان کی پروڈکٹ کو اپنے گھروں سے رخصت کیجیے ۔

لیکن کیا صرف کچھ دنوں کا بائیکاٹ ؟یہ ہے ہمارا جذبہ ایمانی ؟

نہیں نہیں ہرگز نہیں ۔۔۔

میں تاجران ِ ملت اسلامیہ سے مخاطب ہوں

اے تاجرو! تم جانتے ہو اسلام کی ترویج و اشاعت میں دیانت دار مسلمان تاجروں کا شاندار اور تابناک کردار رہا ہے جذبہ ایمانی کے تحت مظلوم مسلمانوں کی مدد ، ناموسِ رسالت ﷺ کے عظیم مشن میں ان یہودو نصاریٰ کی پروڈکٹ کے بائیکاٹ کا اصل مقصد اسی وقت حاصل ہو سکتا ہے جب امت مسلمہ کے تاجر امت کو وہ تمام اشیاء مناسب نرخ پر بہترین معیار کے ساتھ فراہم کرنے میں کامیاب ہو ں گے ۔۔۔ دیانت داری کے ساتھ تجارت بھی اسلام کی خدمت کا ایک ذریعہ ہے ۔۔۔

آئل چینج کیجیے مگر ساتھ ہی آئل ٹینک کا بولٹ ٹائیٹ کر لیجیے ورنہ آئل کے ساتھ محنت بھی ضائع ہو جائے گی ۔

Ziae Taiba Monthly Magazine in Karachi