سخن ضیائے ظیبہ


سخن ضیائے طیبہ

اداریہ: جشنِ صد سالہ

صفر پچیس، رونق کا سما، دن کون سا ہے یہ
سوال اک کر رہا ہوں میں بتائیں آپ کیا ہے یہ؟
عُرسِ رضا ہے یہ ۔۔۔یومِ رضا ہے یہ ۔۔۔جشنِ رضا ہے یہ

ہر طرف دھوم ہے آ گیا آ گیا
جشنِ صد سالۂ عُرسِ احمد رضا

جھومتے ہیں ہر طرف اہلِ وفا اب کی برس
یعنی ہے صد سالہ تقریبِ رضا اب کی برس

25؍ صفر المظفر 1440 ھ میں مسلمانوں کے عظیم پیشوا ، اعلیٰ حضرت امامِ اہلِ سنّت شاہ امام احمد رضا خاں محدث و محقق بریلوی نَوَّ اللہُ تَعَالٰی مَرْقَدَہٗ کے وصال شریف کو 100 سال مکمل ہونے جا رہے ہیں۔ ان شآء اللہ تبارک وتعالٰی صفر المظفر 1440ھ / نومبر 2018 ء میں صد سالہ عرسِ رضا ہوگا۔

الحمد للہ تبارک و تعالٰی دنیائے اہلِ سنّت میں رضویات پر کام کرنے والی تنظیمیں، انجمنیں، تحریکیں، جماعتیں، جمیعتیں، اکیڈمیاں، لائبریریاں، اور ادارے امسال بلکہ آج سے ہی جشنِ صد سالہ عرسِ رضاکو زبردست و بے مثال اور تاریخ ساز بنانے میں سرگرمِ عمل پائے جا رہے ہیں۔

انجمن ضیائے طیبہ کی دعوتِ فکر:

وصالِ اعلیٰ حضرت کو ایک صدی بیت گئی اور بلاشبہ اعلیٰ حضرت کے اعلیٰ کام کو، اعلیٰ انداز میں، اعلیٰ نفوس منظر پر لانے کے لئے اعلیٰ تدابیر کر رہے تھے ، کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

ایک صدی ہونے پر اعلیٰ جشن کی اعلیٰ تیاریاں جاری و ساری ہوچکی ہیں ۔ہندوستان، بالخصوص مرکز اہلِ سنّت سر زمینِ بریلی شریف سے اپیل اور افریقہ و انگلستان کے اطراف و اکناف سے تجاویز و آراء کا تلاطم اور اداروں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں یقیناً غفلت والوں کے لئے سوالیہ نشان ہیں ۔

اسی فکر و اضطراب میں انسدادِ تیرگی کا نعرہ لئے ادارہ ضیائے طیبہ میدانِ عمل میں کودا اور رضویات کے اَن چھوئے دریچوں کو زورِ قلم و عمل کے بازو سے وا کرنے کے لئے کمر بستہ ہو چکا ہے ۔

لگا رہا ہوں مضامینِ نو کے انبار
خبر کرو میرے خرمن کے خوشہ چینوں کو

انجمن ضیائے طیبہ کے اَہداف و سرگرمیاں

تشہیری مہم :

1. بینرز ، اسٹیکرز اور پوسٹرز وغیرہ کے ذریعے ’’جشن صد سالہ عرسِ اعلیٰ حضرت مبارک ہو ‘‘ کی خوب و احسن انداز میں تشہیر کرنا ۔

2. اہل سنّت کی منعقدہ تقاریب میں ’’ تحریک صد سالہ جشن رضا ‘‘ چلانے کا اعلان ۔

تحقیق و تصنیف و تالیف:

الحمدللہ تبارک وتعالٰی انجمن ضیائے طیبہ کے پلیٹ فارم سے جہانِ رضویات میں 25 نئے اور اچھوتے و ان چھوئے موضوعات پر تحقیقی کام کا عملی آغاز کیا جاچکا ہے ، جن میں ضخیم مجلدات پر مشتمل تحقیق کے ساتھ ساتھ دیگر چھوٹے بڑے موضوعات شامل ہیں :

تقاریظِ اعلیٰ حضرت( 4 مجلدات ) علم روایت اور اعلیٰ حضرت( 2 مجلدات) مشائخ اعلیٰ حضرت (مجلد)

خلفائے اعلیٰ حضرت(2 مجلدات) اعلیٰ حضرت اور کتانی علما اعلیٰ حضرت اور حبشی علما

عقیدۂ توحید میں اعلیٰ حضرت کی خدمات(مجلد)

قرآنِ مجید کی آیات اور ترجمہ کنز الایمان میں علم عروض کے انکشافات ( 100 آیات سے مثال ) مجلد

سیرت و شانِ اعلیٰ حضرت کی 25 مختلف زبانوں میں اشاعت ان شاء اللہ تبارک و تعالٰی (مجلد) زیرِ غور

عُلومِ اعلیٰ حضرت ، تعارف وتبصرہ و تحقیق ( متفرق مجلدات و رسائل )

ممتاز مجدد اور ممتاز شہید اَدوارِ مجددین میں اعلیٰ حضرت کی امتیازی حیثیت

انجمن ضیائے طیبہ رضویات کے آئینے میں (قیام تا حال )

گرینڈ عالمی امام احمد رضا کانفرنس(ایک تجویز):

انجمن ضیائے طیبہ نے جشنِ صد سالہ کی مناسبت سے ایک عالمی سطح پر گرینڈ کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے غور و فکر کیا ہے ، جس میں دنیائے عرب و یورپ سے مشایخ اور پاک و ہند سے اکابرین و مشایخ و محققین کو مدعو کیا جائے گا۔ یہ کانفرنس دبئی یا ترکی کی سرزمین پر منعقد کی جائے گی۔کانفرنس سے چند ماہ قبل شیوخِ عرب کو اعلیٰ حضرت کی عربی کتب، تحائف کے طور پر، ارسال کی جائیں گی، جس کے بعد ان نفوس سے اعلیٰ حضرت کے بارے میں رائے و تاثرات قلم بند کیے جائیں گے۔ بعد ازاں کانفرنس کے انعقاد پران رشحات کو منظر پر لایا جائے گا۔ ادارے کی یہ بھی ترجیح ہوگی کہ اس کانفرنس کو مشترکہ رکھا جائے تاکہ دنیابھر کے رضویات پر دیگر ادارے و تنظیموں کے اشتراک سے اس کانفرنس کو کامیاب بنایا جاسکے۔اس حوالے سے مزید تجاویزات زیرِ غور ہیں۔

 

تفویضِ اَسناد و انعام و اکرام:

رضویات پر کام کرنے والے علماو مشائخِ اہلِ سنّت ،خطبا و مقررینِ اہلِ سنّت ، دانشوران و محققینِ اہلِ سنّت، قلم کار و مصنفینِ اہلِ سنّت، شعرائے اہلِ سنّت، مدرسین و اساتذۂ اہلِ سنّت و دیگر شخصیات کو ان کی کارکردگی پر’’امام احمد رضا ایوارڈ ‘‘ ، ’’اعلیٰ حضرت ایوارڈ ‘‘، ’’کنزالایمان ایوارڈ ‘‘، ’’ حدائقِ بخشش ایوارڈ‘‘ وغیرہ سے نوازنے کا خصوصی اہتمام ۔

مقابلہ جات :

مقابلۂ حُسنِ قراءت مقابلہ حمد و نعت و مناقب مقابلۂ خطبہ رضویہ مقابلۂ تقاریر مقابلۂ خوشخطی و کتابت

مقابلۂ مشاعرہ مقابلۂ تحریر سرپرائزڈ مقابلوں کا سلسلہ ۔ وغیرہم

انٹرنیٹ IT:

اعلیٰ حضرت انسائیکلوپیڈیا سوفٹ ویئر ویب سائٹ پر کام کا آغاز

سوشل میڈیا کے تقاضوں کے مطابق اعلیٰ حضرت کی مختصر سوانحی ڈوکیومینٹری

رضویات کے مختلف گوشوں پر اینی میٹڈ ڈوکیومینٹریز وغیرہم ۔

اسمارٹ فون Mobile:

قرآنِ حکیم کا ترجمہ ’’کنز الایمان‘‘ مع تفاسیر علمائے اہلِ سنّت کی موبائل ایپلی کیشن ۔

حدائق بخشش کی یونی کوڈ فارم میں موبائل ایپلی کیشن وغیرہم ۔

تقریبِ نمائش:

نوادراتِ اعلیٰ حضرت ، تبرکاتِ اعلیٰ حضرت ، مخطوطاتِ اعلیٰ حضرت ، تحقیقاتِ اعلیٰ حضرت وغیرہُم کی عالمی انداز میں مستند و معتبر تاریخی جگہ پر نمائش (Exhibition) کا اہتمام کرنا ۔

قارئینِ محترم۔۔۔! جشنِ صد سالہ کی مناسبت سے عالم اسلام کی بالخصوص اہلِ سنّت و جماعت کی سرگرمِ عمل تنظیمیں اپنے اپنے مقاصد و کاوشات میں سرجوڑ کر محنت و لگن سے کام کر رہی ہیں اور الحمدللہ تعالٰی رضویات پر کافی کام منصۂ شہود پر بھی آچکا ہے۔۔۔جس پر ان اداروں اور نفوس کو انجمن ضیائے طیبہ مبارکباد و دادو تحسین پیش کرتی ہے۔۔۔

سیّد محمد مبشر اللہ رکھا قادری

ڈائریکٹر : اسکالرز انسائیکلوپیڈیا پروجیکٹ

خادم: انجمن ضیائے طیبہ

Ziae Taiba Monthly Magazine in Karachi