ماہ صفر اور نحوست


ماہ صفر اور نحوست

(سوال ۱) بعض لوگ ماہ صفر کومنحوس سمجھتے ہیں کیا یہ درست ہے؟ سائل:قاری عبد الرشید باروی ،لانڈی نمبر 5 ،کراچی ۔

الجواب بعون الوھّاب اللھمّ ھدایۃ الحق والصواب

نحوست کے وہم میں مبتلا لوگ ماہ صفر کو مصیبتوں، بالاؤں اور آفتوں کے نازل ہونے کا مہینہ سمجھتے ہیں خصوصاً اس کے ابتدائی تیرہ دن جنہیں ’’تیرہ تیزی‘‘ کہا جاتا ہے بہت منحوس تصور کئے جاتے ہیں ۔ وہمی لوگوں کا یہ ذہن بنا ہوا ہے کہ صفر کے مہینے میں شادی نہیں کرنی چاہیے گھر برباد ہونے کا امکان ہے۔ سفر کرنے سے بچنا چاہئے ایکسیڈنٹ کا اندیشہ ہے۔ بلکہ اگر نسبت طے ہوئی تو اسے توڑدیتے ہیں۔ ایسے لوگ آمد رفت کم کردیتے ہیں بڑے بڑے کاروبار اور لین دین نہیں کرتے ۔ شادیاں کرنے سے اجتناب کرتے ہیں اس وہم سے کہ آفات و بلیات اتر رہی ہیں اپنے گھر کے ایک ایک برتن ، بستر اور ہر طرح کے سامان کو خوب جھاڑتے ہیں، تیرہ تیزی کے عنوان سے سفید چنے کی نیاز دی جاتی ہے اور آخری بدھ بڑی دھوم دھام سے منایا جاتا ہے۔ یہ سب بے بنیاد خیالات اور لغو باتیں ہیں۔

ماہ صفر بھی دیگر مہینوں کی طرح ایک مہینہ ہے جس طرح دوسرے مہینوں میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور انوارو تجلیات کی بارشیں ہوتی ہیں اسی طرح اس میں بھی ہوتی ہیں۔اس مہینہ کا نام تو نبی اکرم ﷺ نے الصفر المظفر رکھا یعنی کامیابی کا مہینہ ۔ یہ کیونکر منحوس ہوسکتا ہے۔ مدینہ منورہ کے تاجدار ہمارے پیارے نبی ﷺ نے ماہ صفر کے بارے میں بے بنیاد باتوں اور وہمی خیالات کو باطل قرار دیتے ہوئے ارشاد فرمایا ’’لاصفر‘‘ صفر کوئی چیز نہیں (یعنی ماہ صفر منحوس نہیں) (الصحیح البخاری، کتاب الطب، باب الجذام)

حکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی اس حدیث کی شرح میں مرقات المفاتیح کے حوالے سے لکھتے ہیں، صفر سے مراد یا توماہ صفر ہے جسے اب بھی لوگ منحوس جانتے ہیں یا اس سے مراد پیٹ کا درد ہے کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ پیٹ کا درد ایک سانپ ہے جو پیٹ میں رہتا ہے۔ اس کا مروڑہ کھانا پیٹ کا درد ہے اس (لاصفر) میں ان دونوں خیالات کی تردید ہے۔ (مراۃالمناجیح، باب الفال والطیرۃ، الفصل الاول)

اور محقق علی الاطلاق حضرت علامہ شاہ عبدالحق محدث دہلوی اس حدیث کی شرح میں لکھتے ہیں عوام اسے (یعنی صفر کے مہینے کو) بلاؤں، حادثوں اور آفتوں کے نازل ہونے کا وقت قرار دیتے ہیں یہ عقیدہ باطل ہے اس کی کوئی حقیقت نہیں ہے ( اشعتہ اللمعات جلد۳ صفحہ۶۶۴)

واللہ تعالیٰ اعلم ورسولہ اعلم

Ziae Taiba Monthly Magazine in Karachi