ضیائے قرآن و ضیائے حدیث


ضیائے قرآن

خون کا بدلہ

یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا کُتِبَ عَلَیۡکُمُ الْقِصَاصُ فِی الْقَتْلٰیؕ اَلْحُرُّ بِالْحُرِّ وَالْعَبْدُ بِالْعَبْدِ وَالۡاُنۡثٰی بِالۡاُنۡثٰیؕ فَمَنْ عُفِیَ لَہٗ مِنْ اَخِیۡہِ شَیْءٌ فَاتِّبَاعٌۢ بِالْمَعْرُوْفِ وَاَدَآءٌ اِلَیۡہِ بِاِحْسَانٍؕ ذٰلِکَ تَخْفِیۡفٌ مِّنۡ رَّبِّکُمْ وَرَحْمَۃٌؕ فَمَنِ اعْتَدٰی بَعْدَ ذٰلِکَ فَلَہٗ عَذَابٌ اَلِیۡمٌ﴿۱۷۸﴾ۚ وَلَکُمْ فِی الْقِصَاصِ حَیٰوۃٌ یّٰۤاُولِی الۡاَلْبَابِ لَعَلَّکُمْ تَتَّقُوۡنَ﴿۱۷۹﴾

(سورۃ البقرۃ: ۱۷۸تا ۱۷۹)

ترجمہ: اے ایمان والوں تم پر فرض ہے کہ جو ناحق مارے جائیں ان کے خون کا بدلہ لو، آزاد کے بدلے آزاد اور غلام کے بدلے غلام اور عورت کے بدلے عورت، تو جس کے لئے اس کے بھائی کی طرف سے کچھ معافی ہوئی تو بھلائی سے تقاضا ہو اور اچھی طرح ادا؛ یہ تمہارے رب کی طرف سے تمہارا بوجھ ہلکا کرنا ہے اور تم پر رحمت؛ تو اس کے بعد جو زیادتی کرے اُس کے لئے دردناک عذاب ہے۔ اور خون کا بدلہ لینے میں تمہاری زندگی ہے اے عقل مندو! کہ تم کہیں بچو۔ (کنزالایمان)

ضیائے حدیث

مزدور کی مزدوی روکنے کی ممانعت اور جلد ادا کرنے کا حکم

حدیثِ قدسی: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبیِ اکرم ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تبارک و تعالٰی ارشاد فرماتا ہے:

تین اَشخاص ہیں کہ قیامت کے روز، میں اُن کے مدِّ مقابل ہوں گا اور جس کا میں مدِّ مقابل ہوں گا، اُس کو ہلاک و برباد کر دوں گا:

1. وہ آدمی جس نے میرے نام پر قسم کھائی، پھر دھوکا کیا۔

2. وہ شخص جس نے کسی آزاد شخص کو (غلام بنا کر) بیچا اور اُس کی قیمت کھا گیا اور

3. ’’وَرَجُلٌ اِسْتَاْجَرَ اَجِیْرًا فَاسْتَوْفٰی مِنْہُ وَلَمْ یُعْطِہٖٓ اَجْرَہٗ‘‘

وہ بندہ جس نے کسی کو مزدوری پر رکھا، پھر اُس سے کام تو پورا لیا اور اُس کی مزدوری نہ دی۔

اِسے بخاری و ابنِ ماجہ وغیرہما نے روایت کیا۔

حدیثِ مبارک: حضرت ابنِ عمر رضی اللہ تعالٰی عنہما سے روایت ہے، فرماتے ہیں: رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا:

’’اُعْطُوا الْاَجِیْرَ اَجْرَہٗ قَبْلَ اَنْ یَّجِفَّ عَرَقَہٗ‘‘ مزدور کو اُس کی مزدوری، اُس کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کر دو۔

اِسے ابنِ ماجہ نے بروایتِ عبدالرحمٰن بن زید بن اسلم روایت کیا۔ انھیں ثقہ کہا گیا ہے اور ابنِ عدی کہتے ہیں: اِن سے مروی اَحادیث حَسن ہوتی ہیں۔ (یہی اَلفاظ ابو یعلیٰ وغیرہ نے حضرت ابو ہریرہہ﷜سے اور طبرانی نے اوسط میں حضرت جابر رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کیے ہیں۔)

(اَلتَّرْغِیْب وَالتَّرْہِیْب، اُردو ترجمہ، جلد ۲، ص21 تا 22)

Ziae Taiba Monthly Magazine in Karachi