شعبان کے اکثر دنوں میں روزے رکھنا


نبی اکرمﷺسوائے چنددن کے پورا ماہ شعبان روزہ رکھتے تھے

(سوال ۳)السلام علیکم :یہ بتائین کہ نبی اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم ماہ شعبان کے کتنے روزے رکھتے تھے،کیا آپ پورا ماہ ِشعبان روزے رکھتے تھے یا اکثر ماہ ِشعبان روزے رکھتے تھے ؟محمد جاوید سامٹیہ پنجاب۔

الجواب بعون الوھّاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

نبی اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم سوائے چنددن (یعنی آخری دویا تین )کے علاوہ پورا ماہ شعبان روزہ رکھتے تھے۔ چنانچہ حدیث مبارکہ میں ہے:

ام المؤمنین حضرت سید ہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سےروایت ہے کہ" كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَصُومُ حَتَّى نَقُولَ: لَا يُفْطِرُ وَيُفْطِرُ حَتَّى نَقُولَ: لَا يَصُومُ وَمَا رَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ اسْتكْمل صِيَام شهر قطّ إِلَّا رَمَضَانَ وَمَا رَأَيْتُهُ فِي شَهْرٍ أَكْثَرَ مِنْهُ صِيَامًا فِي شَعْبَانَ وَفِي رِوَايَةٍ قَالَتْ: كَانَ يَصُوم شعْبَان كُله وَكن يَصُوم شعْبَان إِلَّا قَلِيلا" یعنی:رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم مسلسل روزے رکھتے رہتے حتی کہ ہم کہتے افطار نہ کریں گے اورمسلسل افطار کرتے رہتے حتی کہ ہم کہتے روزے نہ رکھیں گے اور میں نے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کو نہ دیکھا کہ سوائے رمضان کسی مہینے کے پورے روزے رکھے ہوں اور میں نے حضور کو شعبان سے زیادہ کسی مہینہ میں روزے رکھتے نہ دیکھااورایک روایت میں یوں ہےآپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتی ہیں کہ قریبًا سارے شعبان کے روزے رکھتے تھے اور بجز تھوڑے دنوں کے سارے شعبان کے روزے رکھتے

(صحیح مسلم ،باب صیا م النبی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم ،ض۲،ص۸۰۹)

اور حضرت ربیعہ بن غاز سے روایت ہے کہ :"أنه سأل عائشة عن صيام رسول الله صلى الله عليه و سلم فقالت كان يصوم شعبان كله حتى يصله برمضان . حسن صحيح"یعنی انہوں المؤمنین حضرت سید ہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہاسے رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ کے(شعبان کے) روزوں کے بارے میں پوچھاتو ام المؤمنین حضرت سید ہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہانے فرمایا کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ تقریباپورا شعبان روزہ رکھتے تھے حتیٰ کہ شعبان کے روزوں کو رمضان کے روزوں سے ملا دیتے تھے ،اور یہ حدیث صحیح ہے ۔

ان احادیث مبارکہ سے معلوم ہو اکہ آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم تقریبا پورا ماہ شعبان ( سوائے آخر دو یا تیں دن کے )روزہ رکھا کرتے تھے

واللہ تعالیٰ اعلم ورسولہ اعلم

Ziae Taiba Monthly Magazine in Karachi