شبِ براءت کو قبرستان جانا اور ایصالِ ثواب کرنا


شَعَبان المعظّم کی پندرہویں شب قبرستان جانااور ایصال ثواب کرنا کیساہے

(سوال۲)السلام علیکم میرا سوال یہ ہے کہ شعبان المعظم کی پندرہویں شب قبرستان جانااورایصال ثواب کرنا کیسا ہے، کیا یہ حدیث سے ثابت ہے؟کیونکہ موجودہ زمانہ میں بعض لوگ اسے ضروری سمجھتے ہیں ،کیا واقعی یہ ضروری ہے ؟محمد ظفر کورنگی کراچی ۔

الجواب بعون الوھّاب اللھمّ ھدایۃ الحق والصواب

شَعَبان المعظّم کی پندرہویں شب قبرستان جانا اور اپنے مرحوم عزیز و اقارب ، احباب اور عامٔتہ المسلمین کی قبروں پر فاتحہ پڑھنا اور ایصال ثواب کرنا مستحب ومستحسن امر ہےاوریہ حدیث مبارکہ سے ثابت ہے۔اگر کوئی شخص شعبان المعظم کی پندرہویں شب قبرستان جائے اورایصال ثواب کرے تو وہ ثواب کا مستحق ہو گا اور اگر نہ جائے تو اس پر کوئی ملامت بھی نہیں ہے ۔

چنانچہ ام المؤمنین سیدہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے ۔

فَقَدْتُ رَسُوْلَ اللّٰہِ ﷺ لَیْلَۃً فَخَرَجْتُ فَاِذَا ھُوَ بِالْبَقِیْعِ فَقَالَ : ((اَکُنْتِ تَخَافِیْنَ اَنْ یَحِیْفَ اللّٰہُ عَلَیْکِ وَرَسُوْلُہٗ قُلْتُ یَا رَسُوْلَ اللّٰہِ اِنِّیْ ظَنَنْتُ اَنَّکَ اَتَیْتَ بَعْضَ نِسَائِکَ فَقَالَ: اِنَّ اللّٰہَ عَزَّوَجَلَّ یَنْزِلُ لَیْلَۃَ النِّصْفِ مِنْ شَعْبَانَ اِلَی السَّمَائِ الدُّنْیَا فَیَغْفِرُ لِاَکْثَرَ مِنْ عَدَدِ شَعْرِ غَنَمِ کَلْب)جامع الترمذی‘ ابواب الصوم‘ باب ما جاء فی لیلۃ النصف من شعبان،حدیث نمبر۷۳۹۔(

’’میں نے اللہ کے رسول ﷺ کو ایک رات گم پایا۔میں (آپؐ‘ کو تلاش کرنے کے لیے) نکلی تو آپؐ ‘بقیع (مدینہ کا قبرستان) میں موجود تھے ۔پس آپ ؐنے فرمایا: ’’اے عائشہ! کیا تجھے اس بات کا اندیشہ تھا کہ اللہ اور اس کا رسول تجھ سے ناانصافی کریں گے ؟‘‘تو حضرت عا ئشہ ؓنے کہا کہ میں نے عرض کیا اے اللہ کے رسول ﷺ !میرا گمان یہ تھا کہ آپ اپنی کسی دوسری بیوی کے پاس گئے ہوں گے ۔پس آپؐ نے فرمایا:’’ اللہ تعالیٰ نصف شعبان کی رات کو آسمانِ دنیا پر نزول فرماتا ہے اور بنوکلب کی بکریوں کے بالوں سے بھی زیادہ (گناہوں )کی مغفرت فرماتا ہے۔‘‘

لہٰذااس حدیث مبارکہ سے معلوم ہو اکہ شعبان المعظم کی پندرہویں شب قبرستان جانا اور اپنے مرحوم عزیز و اقارب ، احباب اور عامٔتہ المسلمین کی قبروں پر فاتحہ پڑھنا اور ایصال ثواب کرنا مستحب ومستحسن امرہے اوریہ حدیث مبارکہ سے ثابت ہے۔

واللہ تعالیٰ اعلم و رسولہ اعلم

 

Ziae Taiba Monthly Magazine in Karachi