مبارک رمضان


کلام: ندیم احمد نؔدیم نورانی

کس قدر شان سے آتا ہے مبارک رمضان
رونقیں ساتھ میں لاتا ہے مبارک رمضان
رب ہے روزوں کی جزا، پڑھ لو حدیثِ قدسی
یہ شرف خوب دلاتا ہے مبارک رمضان
رحمت اور بخششوں کا بن کے سبب، آزادی
نارِ دوزخ سے دلاتا ہے مبارک رمضان
ختمِ قرآں بھی تراویح میں ہوتے ہیں بہت
حُبِّ قرآں کو بڑھاتا ہے مبارک رمضان
اعتکاف اور تراویح و شبِ قدر کی بھی
محفلیں خوب سجاتا ہے مبارک رمضان
فرض کی مثل ملا کرتا ہے نفلوں کا ثواب
یہ فضیلت بھی دلاتا ہے مبارک رمضان
فرض اعمال کا ستّر گنا ملتا ہے ثواب
فضل کا تاج سجاتا ہے مبارک رمضان
ماہِ رمضاں کی شبِ قدر میں اُترا قرآن
شان کتنی بڑی پاتا ہے مبارک رمضان
جھوم اُٹھتی ہے خوشی سے یہ ضیائے طیبہ
چاند جب اپنا دکھاتا ہے مبارک رمضان
اے نؔدیم! اِس مہِ ذی شاں کے فضائل ہیں بہت
برکتیں خوب لٹاتا ہے مبارک رمضان

Ziae Taiba Monthly Magazine in Karachi