اسلامی سال کا چھٹا مہینہ جمادی الثانی


تحریر: محققِ اہلِ سنّت حضرت علامہ نسیم احمد صدّیقی

قمری تقویم (ہجری کیلنڈر) اسلامی سال کے چھٹے مہینے کو جمادی الاخریٰ کہتے ہیں ۔ اس نام کے بارے میں یہ روایت ہے کہ ان ایام میں جزیرۃ العرب کے بعض حصّوں میں موسم اتنا سرد تھا کہ برتنوں میں پانی جم جاتا تھا ، یہ سر د موسم دومہینوں پر محیط رہا ، جس کے باعث موسم سرد کے اوّل حصّے کو ’’جمادی الاولیٰ‘‘ اور دوسرے حصّے کو ’’جمادی الاخریٰ‘‘ کہا جانے لگا ۔

جمادی الاخریٰ کے نوافل :

۱۔ حضرت ابوبکر صدّیق رضی اللہ تعالٰی عنہ اس مہینے کی پہلی رات میں بارہ رکعت ادا کرتے تھے ۔ اس نماز کے لئے کوئی خاص سورت مقرر نہیں ہے ۔

۲۔ اس مہینے میں افضل تو یہی ہے کہ پہلی تاریخ ورنہ ۷؍ جمادی الاخریٰ تک چار رکعت نفل پڑھے، اور ہر رکعت میں سورۃ الاخلاص تیرہ مرتبہ پڑھے تو اس شخص کے لئے ایک لاکھ نیکیاں لکھی جاتی ہیں اور ایک لاکھ برائیاں مٹائی جاتی ہیں۔ یاد رہے کہ چاروں رکعات میں مجموعی طور پر باون ۵۲ مرتبہ سورۃ الاخلاص کی تلاوت ہوگی۔ اکثر سلاسلِ طریقت مثلاً قادریہ، چشتیہ، نقشبندیہ، سہروردیہ اور ذیلی سلاسل مثلاً شاذلیہ، رفاعیہ، صابریہ، برکاتیہ، نوریہ، رضویہ معمریہ، نوشاہیہ، اشرفیہ وغیرہ کے مشائخ یہ عمل فرماتے رہے ہیں ۔

جمادی الاخریٰ کے نفلی روزے:

یوں تو عام طور پر ہر ماہ چند نفلی روزے جسمانی وروحانی اعتبار سے مفید ہوتے ہیں۔ اگر ہر ماہ کی تیرہ، چودہ اور پندرہ تاریخوں (ایامِ بیض) کے تین دن مسلسل روزے رکھیں تو ایمانی درجات کی بلندی، روحانی بالیدگی اور ایمان پر استقامت کی ضمانت حاصل ہوتی ہے، لیکن شرط یہ ہے کہ صحیح العقیدہ سنّی ہو، شیخِ طریقت کی راہ نمائی حاصل ہو، جو اپنے مریدین کو کامل طور پر مسلک امامِ احمد رضا محدث و محققِ بریلوی علیہ الرحمۃ والرضوان کے دائرے میں رکھے اور صلحِ کلی کے فریب سے بچائے۔ علاوہ ازیں ہر پیر، جمعرات اور جمعہ کے دنوںمیں بھی روزہ رکھنے کا اہتمام کیجیے۔ ان شاء اللہ تعالٰی بلڈ پریشر، کولیسٹرول کی زیادتی اور امراضِ قلب سے محفوظ رہیں گے ۔

مخصوص اذکار و درود شریف:

یہ اذکار اور درود شریف پڑھنے کا روزانہ اہتمام کریں تو سبحان اللہ! ورنہ شبِ جمعہ اورجمعۃ المبارک کے دن ضرور وردِ زباں رکھیں ۔

۱۔ اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی سَیِّدِنَا وَمَوْلَانَا مُحَمَّدٍ مَّعْدِنِ الْجُوْدِ وَالْکَرَمِ مَنْبَعِ الْعِلْمِ وَالْحِلْمِ وَالْحِکَمِ وَعَلٰٓی اٰلِہٖ وَصَحْبِہٖ وبَارِکْ وَسَلِّمْ صَلَاۃً وَّسَلَامًا عَلَیْکَ یَا سَیِّدِیْ یَارَسُوْلَ اللہِ (گیارہ مرتبہ)

۲۔ اَسْتَغْفِرُ اللہَ تَعَالٰی رَبِّیْ مِنْ کُلِّ ذَنْبٍ وَّاَتُوْبُ اِلَیْہِ

(گیارہ مرتبہ)

۳۔ رَبِّ اغْفِرْ وَارْحَمْ وَاَنْتَ خَیْرُ الرَّاحِمِیْنَ (پانچ مرتبہ)

۴۔ سُبْحَانَ اللہِ وَبِحَمْدِہٖ سُبْحَانَ اللہِ الْعَظِیْمِ وَبِحَمْدِہٖ

(پانچ مرتبہ)

Ziae Taiba Monthly Magazine in Karachi