بلی تھیلے سے باہر،امریکا نے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت مان لیا


سفارت خانے کی افتتاحی تقریب میں ایک طرف محفل موسیقی دوسری جانب خون کی ہولی فلسطینی غم و غصے سے بپھر گئے، بچے بڑے موت سے بے نیاز،کفن پوش مظاہرے مظاہرین پر اسرائیلی درندوں کی اندھا دھند فائرنگ،150 شہید2500 زخمی بیت المقدس(مانیٹرنگ ڈیسک+ضیائی نیوز) امریکی بلی تھیلے سے باہر آگئی۔ مسئلہ فلسطین کے منصف بننے کا ڈرامہ بالآخر آشکار ہوگیا۔ امریکی گماشتے اسرائیل نے تاحال یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار نہیں دیا، لیکن مدّعی سست گواہ چست کے مصداق امریکا نے چابک دستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کردیا ہے۔امریکا کا یہ فیصلہنہ صرف مظلوم و نہتے فلسطینیوں پر شب خون ہے بلکہ پورے عالم اسلام کے بے حس حکمرانوں کے منہ پر بھی ایک طمانچہ ہے۔ اس امریکی اقدام سے اُن احمق نادان مسلمانوں کو بھی ہوش کے ناخن لینے چاہییں جو امریکا کو مسئلہ فلسطین کا ثالث مانتے ہیں، امریکا ثالث نہیں بلکہ مسئلۂ فلسطین کا فریقِ دوم ہے۔دریں اثنا سفارت خانے کی افتتاحی تقریب کے دوران غم و غصے سے بپھرے ہوئے نہتے فلسطینی بچے عورتیں نوجوان مظاہرین اُمنڈ پڑے، جن پر اسرائیلی درندوں نے اندھا دھند فائرنگ کھول دی۔ ایک جانب افتتاحی تقریب میں امن کے نام پر موسیقی ہورہی تھی جس میں امریکی صدر کی بیٹی اپنا سر دھن رہی تھی اور اس تقریب سے چند میٹر کے فاصلے پر اسرائیلی درندے نہتے فلسطینیوں پر بارود برسارہے تھے۔ اسرائیلیوں کی فائرنگ سے ڈیڑھ سو سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے، جبکہ زخمیوں کی تعداد ڈھائی ہزار سے زائد بتائی جارہی ہے۔

Ziae Taiba Monthly Magazine in Karachi