چمکارہی ہے ساری فضا گیارھویں شریف


کلام: ندیم احمد نؔدیم نورانی

بکھرا رہی ہے کیسی ضیا گیارھویں شریف

چمکا رہی ہے ساری فضا گیارھویں شریف

آمد سے اِس کی کیوں نہ ہو دل میں چمک دمک

ہے نورِ ماہِ غوثِ وَرا گیارھویں شریف

ہر سال غوثِ پاک مناتے تھے بارھویں

خوش ہو کے، کی نبیﷺ نے عطا گیارھویں شریف

قرآن، ذکر، کھانے کا پہنچاتے ہیں ثواب

اک سلسلہ ہے نیکیوں کا گیارھویں شریف

ترویجِ دین و مسلکِ حق کا ثواب بھی

تو کر کے نذرِ غوث ، منا گیارھویں شریف

جلتا ہے جو بھی اِس سے، مبارک اُسے جلن

ہے جب کہ برکتوں کا دیا گیارھویں شریف

بدعت بُری کہے جو اِسے، آپ ہے بُرا

شرعاً ہے مُستحَبّ و رَوا گیارھویں شریف

قربانی، حج و نفلی نماز و چمن، کنواں

ہر ایک کے ثواب کے ایصال کا بیاں

ملتا ہے مصطفیٰﷺ کی حدیثوں میں بے گماں

تو گیارھویں کی اصل ہے سنّت ہی سے عیاں

کہتے ہیں ہم جبھی تو کہ بدعت نہیں، میاں!

ہے بلکہ مُستحَبّ و رَوا گیارھویں شریف

یا رب! ضیائے طیبہ کا مقبول ہو عمل

کرتی ہے شوق سے یہ سدا گیارھویں شریف

جو غوثِ پاک کے ہیں فدائی اُنھیں، نؔدیم!

کرتی ہے خوب فیض عطا گیارھویں شریف

Ziae Taiba Monthly Magazine in Karachi