کلام: ندیم احمد ندیم نورانی


کلام: ندیم احمد ندیم نورانی

مجھ کو بغداد بلاتے رہیں، غوثِ اعظم!
اپنا دربار دکھاتے رہیں، غوثِ اعظم!
صرف اک بار نہیں، بل کہ شب و روز مجھے
اپنا دیدار کراتے رہیں، غوثِ اعظم!
انجمن جس کا ہُوَا نام ’’ضیائے طیبہ‘‘
روشنی اُس کی بڑھاتے رہیں، غوثِ اعظم!
آپ کو رب نے عطا کی ہیں کراماتِ کثیر
فیض کا چشمہ بہاتے رہیں، غوثِ اعظم!
گیارھویں کا مہِ ذی شان مبارک ہے بہت
اس کی برکات بڑھاتے رہیں، غوثِ اعظم!
قادریّت کی مجھے آپ نے نسبت بخشی
مُہر بھی اُس پہ لگاتے رہیں، غوثِ اعظم!
اپنی منزل کے نشاں مجھ کو نظر آتے نہیں
آپ ہی راہ دکھاتے رہیں، غوثِ اعظم!
میرے گھر، مال میں وسعت کی دعائیں کر کے
رب سے برکت بھی دلاتے رہیں، غوثِ اعظم!
سلبِ ایماں کے لیے تاک میں  ہیں سو شیطان
میرا ایمان بچاتے رہیں، غوثِ اعظم!
نیک بننے کی تمنّا ہے، مگر بنتا نہیں
نیکیاں مجھ سے کراتے رہیں، غوثِ اعظم!
مبتلا کب سے گناہوں کی بلا میں ہے نؔدیم
اُس کو عصیاں سے بچاتے رہیں، غوثِ اعظم!

 

Ziae Taiba Monthly Magazine in Karachi