سخن ضیائے طیبہ


اداریہ انا للہ وانا الیہ راجعون !!!

 طالب ذات کہاں طالب لذات کہاں میری فردوس ہے انگور کی جنت کے سوا

دل کے دلدار پر ہر وقت نظر رہتی ہے اس کی سرکار میں کچھ بھی نہیں نیت کے سوا

دن کو ہشیار رہو رات کو بیدار رہو چین کی نیند کہاں ملتی ہے تربت کے سوا

گزشتہ دنوں، دورانِ الیکشن 20؍ جولائی جمعۃ المبارک ۔۔۔ وطنِ عزیز پاکستان میں غروبِ آفتاب کے بعد ایک ایسا شور سنائی دیا کہ جس کے سکتے کا سنّاٹا وجود پر تادمِ زیست چھا گیا۔۔۔ عالم اسلام کی بلند قامت شخصیت ۔۔۔ عرب کے لئے شیخ الہند ۔۔۔ عجم کے لئے تاج الشریعہ۔۔۔ اور دنیا کے لئے 500 پر اثر شخصیات میں سے ایک ۔۔۔ اسماعیل بن ابراہیم۔۔۔ یعنی سرکار حضور تاج الشریعہ مفتی محمد اختر رضا خاں ازہری بریلوی نَوَّرَ اللہُ تَعَالٰی مَرْقَدَہٗ ۔۔۔ دارِ بقا کی جانب آنکھ میں اشکوں کا دریا چھوڑ کر چل دیے۔۔۔ اِس جاں کاہ و روح فرسا خبر کے چلتے ہی سب اس خبرِ غم کو ارسال کرنے چل دیے۔۔۔ دنیائے سنیت کے قلم تعزیت کی جانب چل دیے ۔۔۔ شعرائے اہلِ سنّت کے احساسات منقبت میں ڈھلنے چل دیے۔۔۔ قربت رکھنے والے اپنے محبوب کا آخری دیدار کرنے چل دیے۔۔۔ خوش نصیب لوگ ہندوستان کے چپے چپے سے اپنی بخشش کروانے بریلی کی جانب چل دیے۔۔۔ نمازِ جنازہ میں سروں کے سمندر والے نظاروں سے سوشل میڈیا پر موجود ناظرین حیرت میں چل دیے ۔۔۔ بس ان سب کا چلنا فقط اس لئے تھا کہ اخترِ قادری خلد میں چل دیا۔۔۔ کیوں کہ پیغام ِاختر یہ ہی ہے کہ ۔۔۔خلد وا ہے ہر اک قادری کے لئے۔۔۔

انجمن ضیائے طیبہ کے بانی قبلہ سیّد اللہ رکھا قادری ضیائی اطال اللہ عمرہ اور ان کے رفقائے قافلہ اُسی شام مکہ شریف کی سرزمین پر پہنچے ۔۔۔ اور حالتِ احرام میں اس قافلے نے اپنے سفرِ حج کا سب سے پہلا عمرہ ادا کرکے، تاج الشریعہ علیہ الرحمۃ کے نام ایصالِ ثواب کیا۔۔۔یوں انجمن ضیائے طیبہ کے سلسلۂ ایصالِ ثواب کا آغازسرزمینِ حجاز سے ہوا۔۔۔اور ان شآءاللہ تعالٰی ایصالِ ثواب کا یہ سلسلہ ہمیشہ جاری رہے گا۔۔۔ الفاتحہ۔۔۔

قارئینِ محترم۔۔۔! انھیں دنوں وطنِ عزیز پاکستان میں الیکشن 2018ء پر سلیکشن کا ٹھپّہ لگ گیا۔۔۔اس سلیکشن پر مزید کچھ لکھنے کی ضرورت نہیں۔۔۔ کیوں کہ کچھ لکھنے کے لئے سوچنا ضروری ہے۔۔۔اور سوچنے کے لئے وقت ہونا ضروری ہے ۔۔۔اور وقت کے لئے دیگر کاموں کو روکنا ضروری ہوگا۔۔۔ لہٰذا قوم کا واضح پیغام آچکا ہے کہ یہ الیکشن نہیں، سلیکشن تھا۔۔۔ سو قوم و ملّت اور ان کے لیڈران و قائدین وقت کے تقاضوں کو مدِّ نظر رکھتے ہوئے دیگر اہم امور اور کاموں کو سرانجام دینے کی جانب توجہ رکھیں ۔۔۔

قارئینِ محترم۔۔۔! سو سالہ عرسِ اعلیٰ حضرت کو اب سو سے بھی کم دن باقی ہیں۔۔۔ دنیائے سنیت بالخصوص رضوی حلقوں میں زور وشور سے سو سالہ عرس کی تیاریاں عروج کی جانب بڑھ رہی ہیں۔۔۔ انجمن ضیائے طیبہ نے اس مناسبت سے جو کام سرانجام دیے اور وہ کام جو پایۂ تکمیل تک پہنچنا ہیں اُن کی جھلکیاں اگلے شمارے میں نظرِ قارئین کی جائیں گی۔ اہلِ علم و قلم اور رضویات سے دل چسپی رکھنے والے محققین کے لئے ادارہ ضیائے طیبہ اپنا دستِ تعاون بڑھائے ہوئے ہے۔۔۔

سیّد محمد مبشر قادری

ڈائریکٹر : اسکالرز انسائیکلوپیڈیا پروجیکٹ

خادم: انجمن ضیائے طیبہ

Ziae Taiba Monthly Magazine in Karachi