سامانِ حج مںں ادب و احترام کو بھی شامل کریں ،مبشر قادری


ریاکاری سے خود کو بچائیں، سیلفی کی خوفناک وبا، حج کے انتہائی مبارک و مقدس سفر میں پہنچ گئی ہے

انجمن ضیائے طیبہ امسال بھی حج ٹریننگ ورکشاپ منعقد کرے گی،مقام اور وقت کا اعلان جلد کردیا جائے گا

بہتر ہوگا کہ حجاجِ کرام سامانِ حج میں بنا کیمرے والے موبائل لے کر جائیں،کارکنان سے گفتگو

کراچی(ضیائی نیوز)حجاجِ کرام کو سعادتِ حج کی پیشگی مبارکباد، سامان حج میں حجاجِ کرام مقاماتِ مقدسہ کے ادب و احترام کو بھی شامل کریں۔ ان خیالات کا اظہار انجمن ضیائے طیبہ کے چیئرمینسیّد محمد مبشر قادری نے حج کی تیاریوں میں مصروف حجاجِ کرام کے لئے ایک خصوصی پیغام میں کہی، ان کا کہنا تھا کہ سیلفی کی خوفناک وبا، حج کے انتہائی مبارک و مقدس سفر میں پہنچ گئی ہے، دیکھا گیا ہے کہ اللہ و رسول ﷺ کے دربار میں حاضری کے روحانی احساس کے بجائے بعض حجاجِ کرام کو سوشل میڈیا پر حاضری کا زیادہ خیال رہتا ہے،’’نظر شرمندہ شرمندہ قدم لغزیدہ لغزیدہ‘‘ کی بجائے ہر پل ہر قدم سیلفی کا رحجان رکھنے والے حجاجِ کرام سے میں ہاتھ جوڑ کر گزارش کروں گا کہ خدارا اللہ، رسول کے دربار کو شہرت کا ذریعہ نہ بنائیں، نام و نمود سے کی گئی عبادات ریاکاری کے سوا کچھ نہیں،ریاکاری ویسے ہی گناہ ہے چہ جائیکہ وہ عبادت میں کی جائے۔سیلفی کی وبا سے اپنے حج کو بچائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض نادان یہ کہتے نظر آتے ہیں کہ جناب سیلفی کے ذریعے ہم حج کو دنیا میں نمایاں کر رہے ہیں۔ ان سے گزارش ہے کہ وہ اس شیطانی جال سے باہر نکلیں، شیطان ریاکاری کو مختلف اشکال دے دے کرپیش کرتا ہے، حج کو کسی پبلسٹی کی ضرورت نہیں۔ دریں اثنا، انھوں نے کہا کہ انجمن ضیائے طیبہ امسال بھی حجاجِ کرام کی ٹریننگ ورکشاپ منعقد کرے گی، جس کے وقت اور مقام کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔چیئرمین ضیائے طیبہ کا کہنا تھا بہتر ہوگا کہ سفرِ حج میں بنا کیمرے والے موبائل اپنے ہمراہ رکھے جائیں۔

Ziae Taiba Monthly Magazine in Karachi