ایک جانور میں قربانی کےساتھ ولیمے کی نیّت کرنا


کیافرماتے ہیں فقہائے کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ بڑےجانور (جیسے اونٹ،گائے اور بھینس وغیرہ) کے سات حصّوں میں سے ایک حصّے میں قربانی اور باقی چھ حصّوں میں ولیمے کی نیّت کرسکتے ہیں یا نہیں؟

(محمدعلی،چک لالا، راولپنڈی)

الجواب بعون الوھّاب، اللّٰھمّ ھدایۃ الحق والصواب

جی ہاں کرسکتے ہیں اس لئے کہ قربانی اورولیمہ دونوں میں قربت اور عبادت کی جہت پائی جاتی ہے؛ لہٰذا کسی بھی بڑے جانورکے ایک یا دوحصّوں میں قربانی اوربقیہ حصّوں میں ولیمے کی نیّت کرنا درست ہے۔

اگر لوگوں نے (ایک بڑے جانور) میں قربانی کی قربت یا اس کے علاوہ کسی دوسری قربت کی نیّت کی، تو یہ ان کے لئے جائز ہے، خواہ وہ قربت واجب ہو یا نفل (جیسےولیمہ وغیرہ) یا کچھ پر واجب ہو اور کچھ پر نہیں، اورخواہ قربت کی جہات ایک جیسی ہوں یا مختلف ۔(علاء الدين الکاسانی: بدائع الصنائع، ج 5، ص 72، دار الکتاب العربي؛الشيخ نظام وجماعة من علماء الهند: ج 5، ص 304، دار الفکر؛ابن عابدين شامی: ردّالمحتار، 6: 326، دار الفکر، بيروت) واللہ تعالٰی اعلم ورسولہ اعلم۔

Ziae Taiba Monthly Magazine in Karachi